منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: پیر 17 جمادى الأولى 1433هـ - 09 اپریل 2012م KSA 04:12 - GMT 01:12

وزارت داخلہ کی ویب سائٹ انٹرنیٹ سے غائب

''نامعلوم''ہیکر گروپ کا برطانوی حکومت کی ویب سائٹ پر حملہ

پیر 17 جمادى الأولى 1433هـ - 09 اپریل 2012م
''نامعلوم'' گروپ پر برطانیہ کی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ میں توڑ پھوڑ کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
''نامعلوم'' گروپ پر برطانیہ کی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ میں توڑ پھوڑ کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
لندن۔العربیہ ڈاٹ نیٹ ،ایجنسیاں


ہیکروں کے ایک ''نامعلوم'' گروپ نے اتوار کو برطانوی حکومت کی ایک ویب سائٹ پر حملہ کرکے اس میں توڑ پھوڑ کی ہے۔

برطانیہ کی وزارت داخلہ (ہوم آفس) کی ویب سائٹ (homeoffice.gov.uk) نامعلوم ہیکر گروپ کے حملے کے بعد ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کئی گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ پر غیر فعال رہی ہے اور اتوار کو بھی یہ مسئلہ چلتا رہا ہے۔اس ویب سائٹ کو براؤز کرنے والے صارفین کے لیے انٹرنیٹ صفحے پر یہ پیغام نمودار ہورہا تھا کہ ''صفحہ موجود نہیں ہے''۔

وزارت داخلہ کی ایک خاتون ترجمان نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے محض یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ ''ہم آن لائن احتجاج سے آگاہ ہیں''۔ترجمان نے مزید کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔

''نامعلوم'' گروپ کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کردہ بیانات میں اس حملے کی ذمے داری قبول کی گئی ہے اور ہیکر اس ویب سائٹ پر معلومات کے حصول کے لیے درخواستوں کے نام پر حملہ آور ہوئے تھے جس کی وجہ سے حقیقی صارفین کے لیے یہ ویب سائٹ عدم دستیاب ہوگئی۔

ہیکروں کے ٹویٹر پر جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ ہر ہفتے کے روز برطانوی حکومت کی مزید ویب سائٹس پر بھی حملے کیے جائیں گے۔ٹویٹر پیغامات کے مطابق اس حملے کے مختلف محرکات ہوسکتے ہیں۔ان میں ایک برطانوی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل نگرانی کے عمل کو سخت بنانے کے لیے اقدامات اور اس کا امریکا کے ساتھ ایک دوسرے کو مطلوب افراد حوالے کرنے کا معاہدہ نمایاں ہیں۔

برطانیہ سے بے دخلی کے اس معاہدے کے خلاف مہم چلانے والے کارکنان کا کہنا ہے کہ اس کا جھکاؤ امریکا کی جانب ہے اور یہ اس کے حق میں ہے۔اس ضمن میں سب سے بڑا کیس برطانوی کمپیوٹر ہیکر گیری مکینن کا ہے۔انھیں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان سمیت سکیورٹی سسٹمز کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے الزام میں سن دوہزار دو میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ابھی تک خود کو امریکا کے حوالے کرنے کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔

برطانوی وزیر گرانٹ شیپس کا کہناہے کہ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر حملہ تشویش کا باعث ہے۔حزب اختلاف لیبر پارٹی کے کاروباری ترجمان چوکا امونا نے بھی اس حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے
''نامعلوم''اس کے معاون ایک ہیکر گروپ للزسیک نے امریکا کی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) برطانیہ کی منظم سنگین جرائم ایجنسی ،جاپان کی سونی کارپوریشن اور میکسیکو حکومت کی ویب سائٹس سمیت متعدد بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کی ویب سائٹس کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

مارچ میں ''نامعلوم'' گروپ کی اطالوی شاخ نے رومن کیتھولک چرچ کے مرکز ویٹی کن کی ویب سائٹ بند کردی تھی۔اس سے قبل فروری میں برطانوی پولیس نے اطلاع دی تھی کہ ''نامعلوم'' گروپ نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ایجنٹوں اورلندن میں سراغرسانوں کے درمیان ایک کانفرنس کال ہیک کرلی تھی۔وہ اس وقت ہیکنگ کے خلاف کارروائی پر تبادلہ خیال کررہے تھے لیکن خود فون پر اپنی گفتگو کو بھی محفوظ نہیں بنا سکے تھے۔