منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: منگل 18 جمادى الأولى 1433هـ - 10 اپریل 2012م KSA 11:33 - GMT 08:33

انقرہ بین الاقوامی قانون کی روشنی میں اقدام کرے گا

ہماری سرحد پر فائرنگ "واضح خلاف ورزی" ہے: طیب ایردوآن

منگل 18 جمادى الأولى 1433هـ - 10 اپریل 2012م
ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن
ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن
العربیہ ڈاٹ نیٹ

ترکی کے وزیر اعظم طیب رجب ایردوآن نے کہا ہے کہ شامی سرحد کے پار ترک علاقے میں قائم مہاجر کیمپ پر بشار الاسد نواز فوج کی فائرنگ دو ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سرحد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اپنے دورہ چین کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری سرحد کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور ہم اس اقدام کے خلاف مناسب کارروائی کریں گے۔

اناطولیہ نیوز ایجنسی نے مسٹر ایردوآن کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ سرحدی خلاف ورزی پر ترکی بھی بین الاقوامی قانون کی روشنی میں اقدام کرنے کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ترکی اپنی سرحد میں محفوظ راستے اور بفر زونز کو محفوظ بنانے کے لئے کیا اقدام کرے گا؟

ترک اور شام کے درمیان سرحد پر پیر کی شام اس وقت تناؤ میں اضافہ ہو گیا کہ جب شامی سرحدی علاقے سے ترکی کی جانب فائرنگ سے ترک علاقے میں قائم شامی مہاجرین کے کیمپ میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ مسٹر ایردوآن کے مہاجر کیمپوں کے دورے سے قبل پیش آیا۔

ترکی کی تین گورنریوں میں پچیس ہزار سے زائد شامی مہاجرین موجود ہیں، جن کی دیکھ بھال ترکی کے بجٹ پر خاصہ بوجھ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک ترک ان مہاجرین کی دیکھ بھال پر ایک سو پچاس ملین یورو خرچ کر چکا ہے۔ اگر ان مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی تو ہم کیا کریں گے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادی سے مہاجرین کی بہبود میں تعاون کی پیش کش کی۔