منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: بدھ 19 جمادى الأولى 1433هـ - 11 اپریل 2012م KSA 09:25 - GMT 06:25

فرانس نے بھی شام کی "سستی" کی مذمت کر دی

بشار الاسد کا مقدمہ آئی سی سی کو بھجوانے پر مجبور ہوں گے: ہیگ

بدھ 19 جمادى الأولى 1433هـ - 11 اپریل 2012م
ولیم ہیگ
ولیم ہیگ
العربیہ ڈاٹ نیٹ

برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے دمشق کو خبردار کیا ہے کہ شامی بحران کے حل کی خاطر یو این اور عرب لیگ کے مشترکہ مندوب کوفی عنان کا پیش کردہ نقشہ راہ پرعمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں برطانیہ پر شامی فائل سیکیورٹی کونسل اور بشار الاسد کا کیس بین الاقوامی جرائم عدالت پیش کرنے کے لئے دباؤ بڑھ جائے گا۔

"اگر کوفی عنان کا منصوبہ ناکام ہو گیا اور شامی حکومت نے اس پر عملدرآمد کے لئے کچھ نہ کیا تو ہم [برطانیہ] سیکیورٹی کونسل جانے پر مجبور ہوں گے۔" مسٹر ہیگ کے مطابق برطانیہ ساری دنیا کو یہ بتائے گا کہ شامی حکومت ہی ملک میں امن منصوبے کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ مختلف طریقوں سے شامی حکومت مخالف جماعتوں کی امداد بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔

ادھر فرانس نے بھی دمشق پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں "سستی" کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ آلن جوبے کا کہنا ہے کہ کوفی عنان کا سیکیورٹی کونسل کے نام حالیہ مراسلہ دمشق کے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یو این میں امریکا کی مستقل مندوب سوزان رائس نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کونسل جلد ہی شام سے متعلق ایک نیا منصوبہ پیش کرے گی جس کے تحت اسد حکومت پر عالمی برادری کے مینڈیٹ کے احترام کے لئے دباؤ ڈالا جائے گا۔