منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: ہفتہ 29 جمادى الأولى 1433هـ - 21 اپریل 2012م KSA 07:38 - GMT 04:38

سی اے اے کے حکام نے حادثے کی تصدیق کردی

اسلام آباد: نجی فضائی کمپنی کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 127 افراد جاں بحق

جمعہ 28 جمادى الأولى 1433هـ - 20 اپریل 2012م
اسلام آباد ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے کورال چوک کے نزدیک واقع ایک گاؤں پر نجی فضائی کمپنی کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک سو ستائیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بھوجا ائیر لائنز کا ملکیتی بوئنگ 737 طیارہ کورال چوک کے نزدیک کلیم سی این جی اسٹیشن کے ساتھ گاؤں حسین آباد پر خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا ہے جس کے بعد طیارے اور متعدد مکانوں کو آگ لگ گئی۔ طیارہ کا ملبے علاقے میں ادھر ادھر بکھر گیا۔

پاکستان کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نجی فضائی کمپنی بھوجا ائیر لائنز کے طیارے کو جمعہ کی شام خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہے۔ وزارت نے ایک سو اٹھارہ مسافروں اور عملے کے نو ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حادثے کے بعد اسلام آباد اور راول پنڈی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے حکام نے بھی اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک واقعہ علاقہ میں نجی فضائی کمپنی کا مسافر طيارہ گر کر تباہ ہونے اور اس میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ وزير دفاع نے ڈائريکٹر جنرل سول ايوي ايشن اتھارٹی کو مسافر طيارے کو پیش آئے حادثے کی تحقيقات کا حکم دے ديا ہے۔۔

حکام کے مطابق بھوجا ائیر لائنز کی پرواز کراچی سے جمعہ کی شام پانچ بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا تھا۔ پرواز بی فور 213 کا ٹريفک کنٹرول سے 6 بج کر 40 منٹ کے بعد کوئی رابطہ نہيں رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور سے طيارے کو لينڈنگ کے لیے کليئر کر ديا گيا تھا۔ تاہم مسافر طیارہ خراب موسم کی وجہ سے شام سات بجے کے قریب بے نظیر بھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے سے چند لمحے قبل حادثے کا شکار ہو گيا۔

ريسکيو ذرائع کے مطابق امدادی ٹيميں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی تھیں اور انھوں نے ملبے سے لاشوں کو نکالنے اور طیارے کے ملبے اور مکانوں کو لگی آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر لاشیں مسخ ہو جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں گذشتہ دو سال میں یہ دوسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔ اس سے قبل جولائی دو ہزار دس میں ایک اور نجی فضائی کمپنی ائیر بلیو کا مسافر طیارہ وفاقی دارالحکومت کے عقب میں واقع مارگلہ کی پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سو باون افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔