اسرائیل کے ساتھ تمام عالمی معاہدوں کا احترام کروں گا: ڈاکٹر محمد مرسی

"وزیر دفاع کا چناؤ فوج کی مشاورت سے ہو گا"

نشر في:

مصر میں اخوان المسلمون کے مجوزہ صدارتی امیدوار اور جماعت کے سیاسی ونگ "آزادی و انصاف" کے سربراہ ڈاکٹر محمد مرسی نے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوئے تو اسرائیل اور مصر کے درمیان طے پانے والے تمام عالمی معاہدوں کا احترام کریں گے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک آزاد خارجہ پالیسی بنائیں گے۔ کسی کے کہنے پر چلیں گے اور نہ ہی کسی کی ڈکٹیشن پر پالیسیاں بنائیں گے۔

"العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے مطابق اخوان المسلمون کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر محمد مرسی نے ان خیالات کا اظہار قاہرہ میں اپنی انتخابی مہم کے ایک جلسے سے خطاب میں کہی۔ ڈاکٹر محمد مرسی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین ہمارے لیے ایک بنیادی مسئلہ ہو گا۔ فلسطین کی اہمیت صرف میرے لیے اہم نہیں بلکہ جو بھی صدر بنے گا اس کے لیے فلسطین کا مسئلہ اہم ترین نوعیت کا انسانی حقوق کا معاملہ ہو گا۔ ہم فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق ان کے حقوق کی حمایت کریں گے۔ ہم فلسطینیوں کی پشت پر کھڑے ہو کر دنیا کو مخاطب کریں گے کہ فلسطینی عوام کے بھی کچھ حقوق ہیں۔

اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی حیثیت سے جب ان کے پاس وزیر دفاع کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا تو وہ ریاست کے تمام اہم اداروں سے مشاورت اور اتفاق رائے سے ان کا تقرر کریں گے۔ انہوں نے وضاحت سے کہا کہ وزیر دفاع کے تقرر میں مسلح افواج کی سپریم کونسل سے مشاورت کی جائے گی، تاہم وہ کسی ایک فریق کی مرضی کا فیصلہ مسلط نہیں کریں گے۔