منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: پیر 02 جمادى الثانية 1433هـ - 23 اپریل 2012م KSA 17:50 - GMT 14:50

جنوبی صوبہ ابین اور مآرب میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری

یمنی فوج کی گولہ باری،القاعدہ کے سولہ جنگجو ہلاک

پیر 02 جمادى الثانية 1433هـ - 23 اپریل 2012م
عدن۔العربیہ ڈاٹ نیٹ،ایجنسیاں


یمن کے جنوبی صوبہ ابین میں فوج اور القاعدہ کے مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان لودرشہر پر قبضے کے لیے لڑائی جاری ہے جس میں مزید سولہ جنگجو مارے گئے ہیں۔

یمن کی وزارت دفاع نے مقامی حکام کے حوالے سے ان ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔یمنی فوج نے لودر شہر کے نزدیک القاعدہ کے ٹھکانوں پر توپخانے سے گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں تیرہ جنگجو مارے گئے ہیں۔

یمن کے ایک سرکاری عہدے دار نے بتایا ہے کہ گولہ باری کے بعد مزاحمت کاراپنے نئے ٹھکانوں سے پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں اور مقامی قبائلیوں نے اس حملے میں فوج کا ساتھ دیا ہے۔

وزارت دفاع کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ مآرب میں ایک دوردراز صحرائی علاقے میں متعدد گاڑیوں کے ایک قافلے پر فضائی حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تین اور جنگجو مارے گئے ہیں۔

جنوبی شہر لودر میں سرکاری فوج کی کارروائی میں ہلاکتوں سے ایک روز قبل فضائی حملے میں القاعدہ کے سترہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ لودر میں فضائی حملہ یمنی فضائیہ نے کیا تھا یا امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے القاعدہ کے جنگجوؤں کے ٹھکانے پر میزائل فائر کیے تھے۔

یمن نے سرکاری طور پر آج تک یہ بات تسلیم نہیں کی کہ امریکا کے ڈرون طیارے القاعدہ کے مشتبہ ٹھکانوں پر حملے کررہے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی بدھ کی اشاعت میں ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں نے گذشتہ چار ماہ میں یمن میں آٹھ فضائی حملے کیے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق امریکا کا مرکزی خفیہ ادارہ سی آئی اے اوباما انتظامیہ سے یمن میں مزید فضائی حملوں کی اجازت طلب کر رہا ہے اور وہ شہریوں کی ہلاکت کے خطرے کے پیش نظر بھی اپنے بغیر پائیلٹ جاسوس طیاروں سے القاعدہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر غور کررہا ہے۔