ایران کے دارلحکومت تہران میں کینیڈا کے سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سفارتخانے کے ویزہ سیکشن نے کینیڈا کے لئے ویزوں کا اجراء بند کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق ویزہ سیکشن کینیڈا کا سفر اختیار کرنے والے ایرانی شہریوں کی درخواستیں تا اطلاع ثانی وصول نہیں کرے گا۔
کینیڈین سفارتخانے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تہران میں ہمارا ویزہ آفس ترکی کے شہر انقرہ میں کینیڈا کے سفارتخانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ اقدام کینیڈین امیگریشن کی ہدایت کے مطابق اخراجات میں کمی کی خاطر اٹھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کینیڈا کی حکومت کا یہ اقدام ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے کہ جن میں کینیڈین حکومت کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے بیرون ملک کارروائیوں کے لئے غیر قانونی طریقوں سے انسانی سمگلنگ کی کوشش کی ہے۔
یہ کارروائی ایران کے دو بینکوں میں فنڈز کی چوری کے اسیکنڈل کے بعد سامنے آئے کہ جب ایران ہی کے دو اہم بینکوں کے اعلی عہدیداروں نے فرار ہو کر کینیڈا میں سیاسی پناہ حاصل کی۔