منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: بدھ 11 جمادى الثانية 1433هـ - 02 مئی 2012م KSA 08:28 - GMT 05:28

الیکشن مہم کے دوران انتخابی منشور جاری

مستقبل کا صدر ہوں، فوج کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے: ڈاکٹر مرسی

بدھ 11 جمادى الثانية 1433هـ - 02 مئی 2012م
العربیہ ڈاٹ نیٹ

مصر میں مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے سیاسی ونگ" فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی" کے سربراہ ڈاکٹر محمد مرسی نے انتخابی مہم کے دوران اپنا منشور پیش کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ مستقبل میں مصر کے صدر ہوں گے۔

"العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے مطابق "الغربیہ" گورنری میں اپنے سیکڑوں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے مصر کے بزرگ سیاست دان اور اخوان المسلمون کے صدارتی امیدوار نے فوج کے سیاسی کردار پر بھی تنقید کی۔ اس موقع پر انہوں نے "اسلامی اصولوں کے تحت عوامی بیداری" کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور بھی پڑھ کر سنایا۔ جماعت کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع اور کئی دیگر سرکردہ رہ نما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر محمد مرسی نے کہا کہ وہ صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوئے تو جماعت کے سیاسی فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے کیونکہ وہ کسی پارٹی کے نمائندہ صدر نہیں بلکہ پوری مصری قوم کے صدر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ "عوام نے منتخب کیا تو میں انشاء اللہ مصر کا صدر ضرور بنوں گا"۔ صدر منتخب ہو کر آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کام کروں گا"۔

حکومت اور پارلیمنٹ کے درمیان حالیہ محاذ آرائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اخوان المسلمون کے صدارتی امیدوار نے فوج پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دستور سپریم ہے اور ریاست کے تمام اداروں کو دستور کے تابع رہنا چاہیے۔ فوج موجودہ عبوری کابینہ میں تبدیلی نہ کرنے پر مُصر ہے لیکن وہ پارلیمنٹ کے سامنے اسے باقی رکھنے کا کوئی ایک جواز بھی پیش نہیں کر سکی ہے۔

فوج کو بھی پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔ اسی احساس جواب دہی کے تحت ہم پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے فوج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موجودہ عبوری حکومت کو تبدیل کر دے۔ نئی کابینہ تشکیل دی جائے جو صدر کے انتخاب کے بعد باضابطہ حکومت سازی تک اپنا کام جاری رکھے۔