افغان پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت کابل میں بدھ کو خود کش کار بم دھماکا ہوا ہے لیکن اس میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
یہ دھماکا امریکی صدر براک اوباما کی کابل سے روانگی کے چند گھنٹوں بعد ہوا، وہ منگل کو رات دیر گئے افغانستان پہنچے تھے اور تقریباً سات گھنٹے قیام کے بعد وہاں سے روانہ ہو گئے۔
کابل پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ خودکش کار بم دھماکا مرکزی جلال آباد روڈ پر ہوا اور اس شاہراہ پر امریکی افواج کے اڈے اور رہائشی کمپاؤنڈ بھی واقع ہیں۔ طالبان شدت پسندوں نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے دارالحکومت کے مشرق میں ایک اور دھماکے کی آواز بھی سنی جس کے بعد فائرنگ بھی ہوتی رہی۔