منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: بدھ 11 جمادى الثانية 1433هـ - 02 مئی 2012م KSA 20:22 - GMT 17:22

فرانس سے بشیر صالح کو لیبیا کے حوالے کرنے کا مطالبہ

سارکوزی کی مالی مدد سے متعلق قذافی کا خط جعلی ہے:مصطفیٰ عبدالجلیل

بدھ 11 جمادى الثانية 1433هـ - 02 مئی 2012م
لیبیا کی عبوری قومی کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل
لیبیا کی عبوری قومی کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل
طرابلس۔العربیہ ڈاٹ نیٹ،ایجنسیاں


لیبیا کی عبوری قومی کونسل( این ٹی سی) کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ سابق مقتول صدر کرنل معمر قذافی کی جانب سے فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کو سن دوہزار سات میں انتخابی مہم کے لیے مالی مدد مہیا کرنے سے متعلق خط جعلی ہے۔

این ٹی سی کے سربراہ نے یہ بات دارالحکومت طرابلس میں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے اس نیوزکانفرنس مِیں اس خط کو جعلی قراردینے کے علاوہ فرانس سےاس اسکینڈل کے مرکزی کردار کرنل قذافی کے سابق چیف آف اسٹاف بشیر صالح کو لیبیا کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان سے اس معاملے کی تحقیقات کی جاسکے۔

گذشتہ ماہ ایک نیوز ویب سائٹ میڈیا پارٹ نے دوہزار چھے میں عربی میں لکھی ایک دستاویز اپنی ایک رپورٹ کے ساتھ پوسٹ کی تھی جس پر کرنل معمر قذافی کے غیرملکی انٹیلی جنس کے سربراہ موسیٰ قوسا کے دستخط موجود تھے اور اس خط یا دستاویز میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی انتخابی مہم کے لیے مالی مدد کرنے سے ''اصولی اتفاق'' کیا گیا تھا۔

اس سمجھوتے کے تحت سابق اور موجودہ صدارتی امیدوار نکولا سارکوزی کو پانچ کروڑ یوروز کی رقم بطور امداد یا عطیہ دی جانا تھی۔تاہم رپورٹ میں اس امر کی وضاحت نہیں کی گئی کہ لیبیا کی جانب سے فرانسیسی صدر کو یہ رقم دی گئی تھی یا نہیں۔

اب ایک مرتبہ پھر صدارتی امیدوار نکولا سارکوزی نے اس خط کو جعلی قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔اس خط میں لیبیا کے چالیس ارب ڈالرز مالیت کے غیرملکی فنڈ کے نگران بشیر صالح ہی کو مخاطب کیا گیا تھا جو اس وقت فرانس ہی میں رہ رہے ہیں اور این ٹی سی کے چئیرمین نے فرانس سے انھیں لیبیا کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مذکورہ مشتبہ خط کے منظرعام پر آنے کے بعد نکولا سارکوزی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہ صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں سوشلسٹ امیدوار کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے تھے اور تجزیہ کاروں کے بہ قول اب ان کی کامیابی کے امکانات معدوم نظرآرہے ہیں۔