منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: ہفتہ 14 جمادى الثانية 1433هـ - 05 مئی 2012م KSA 19:56 - GMT 16:56

ایمن الظواہری کے بڑے بھائی سیاہ پرچموں کے جلو میں موجود رہے

مصر کے العباسیہ اسکوائر میں القاعدہ کے سربراہ کے بھائی کی شرکت

ہفتہ 14 جمادى الثانية 1433هـ - 05 مئی 2012م
العربیہ ڈاٹ نیٹ

مصر کے عباسیہ اسکوائر میں ہونے والے حالیہ مظاہروں میں القاعدہ کے رہنما ڈاکٹر ایمن الظواہری کے بڑے بھائی محمد الظواہری شریک رہے ہیں۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محمد الظواہری کے گرد موجود افراد نے القاعدہ کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ یاد رہے کہ محمد الظواہری کو سابق معزول صدر حسنی مبارک کا اقتدار ختم ہونے کے ایک ماہ بعد ہی رہائی ملی تھی۔ محمد الظواہری مقتول صدر انور السادات کو قتل کرنے کے الزام میں قید کاٹ رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق محمد الظواہری کو گزشتہ روز العباسیہ اسکوائر میں دیکھا گیا تھا۔ سلفی جماعت سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے ان کے گرد ہالا بنا رکھا تھا۔ انہوں نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے، جو اسکوائر میں چہار سو پھیلے دکھائی دے رہے تھے۔ مظاہرین "عوام شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں" کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ محمد الظواہری کے وکیل اور مصری پیپلز اسمبلی کے رکن محمد نزاز کا ایک بیان میڈیا میں تواتر سے شائع ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اس امر کی تردید کی ہے کہ ان کے مؤکل العباسیہ میں ہونے والی جھڑپوں کا باعث بنے ہیں۔

مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے تبصروں میں مسٹر غراب نے اس رائے کا اظہار کیا کہ مصر میں جہادی موجود ہیں لیکن یہ جہادی تمام پرتشدد طریقوں کو خیرباد کہہ کر اب ملکی سیاست میں مکمل طور پر شریک ہیں۔

فوجی ذرائع کے حوالے سے "ساتواں دن" نامی اخبار نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعرات کے روز العباسیہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد نے اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے وزارت دفاع کی عمارت پر لوگوں کو حملے کے لئے اکسایا تھا۔ اکسانے والے ان افراد میں حازم ابو اسماعیل، جمہوریت نواز نوارہ نجم اور القاعدہ کے سربراہ کے بھائی محمد الظواہری بھی شامل تھے۔