یمن میں شدت پسند تنظیم القاعدہ کےایک فیلڈ کمانڈر فہد القصع اور اس کے دو ساتھی ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ جنوبی یمن کے ضلع شبوۃ میں الصعید کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک لڑاکا طیارے نے کار میں سوار فہد اور اس کے ساتھیوں کو ایک میزائل سے نشانہ بنایا۔
"العربیہ" ٹی وی کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق "فہد القصع جزیرۃ العرب میں القاعدہ کا ایک اہم فیلڈ کمانڈر سمجھا جاتا تھا۔ اسے اکتوبر 2001ء کو عدن کی ایک بندرگاہ کے قریب امریکی جنگی بحری جہاز یو ایس ایس کول کو تباہ کرنے کے الزام میں یمنی عدالت کی طرف سے دس سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم سنہ 2005ء کو وہ اپنے 22 ساتھیوں سے سمیت جیل سے فرار میں کامیاب ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اتوار کو جنوبی یمن میں ضلع شبوۃ میں نامعلوم جنگی جہاز نے ایک کار پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار القاعدہ کمانڈر فہد اور اس کے دو ساتھی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ حملے میں کار بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
خیال رہے کہ القاعدہ کمانڈر فہد پر اس سے قبل بھی پانچ فضائی قاتلانہ حملے کیے گئے تھے تاہم وہ ہر بار بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتا۔ اس سے قبل گذشتہ برس اگست میں ضلع ابین کے ایک پولیس تھانے پر القاعدہ کے قبضے کے دوران اسے فضائی حملے میں ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ معمولی زخمی ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔