منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: پیر 16 جمادى الثانية 1433هـ - 07 مئی 2012م KSA 17:26 - GMT 14:26

عالمی لیڈروں کے تہنیتی پیغامات،نیک خواہشات کا اظہار

فرانس کے منتخب صدر فرانسو اولاند 15مئی کو حلف اٹھائیں گے

پیر 16 جمادى الثانية 1433هـ - 07 مئی 2012م
فرانس کے نومنتخب صدر فرانسو اولاند کے حامی پیرس میں ایک ریلی میں شریک ہیں۔
فرانس کے نومنتخب صدر فرانسو اولاند کے حامی پیرس میں ایک ریلی میں شریک ہیں۔
پیرس۔العربیہ ڈاٹ نیٹ،ایجنسیاں


فرانس کے نو منتخب صدر فرانسو اولاند پندرہ مئی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور موجودہ صدر نکولا سارکوزی سے اقتدار سنبھالیں گے۔

سوشلسٹ فرانسو اولاند صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں نکولا سارکوزی کے مقابلے میں اکاون اعشاریہ چھے فی صد ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں۔یورپی اور عالمی میڈیا نے ان کی کامیابی کو یورپ کے لیے تبدیلی کا نقطہ آغاز قراردیا ہے۔

یورپی کمیشن کے سربراہ ہاؤزے مینول براسو اور امریکی صدر براک اوباما سمیت متعدد عالمی لیڈروں نے فرانسو اولاند کو فرانس کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔امریکی صدر نے ان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انھیں اسی ماہ وائٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت دی ہے۔

بیلجیئم کے سوشلسٹ وزیراعظم ایلیو ڈی روپو نے نَئے فرانسیسی صدر کے اقتصادی منصوبے کی حمایت کا اظہار کیا ہے جس میں انھوں نے زیادہ آمدنی والے افراد پر ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی ہے۔واضح رہے کہ ڈی روپو یورپ کے واحد لیڈر ہیں جنھوں نے صدارتی انتخاب کے لیے مہم کے دوران فرانسو اولاند کی حمایت میں فرانس کا دورہ کیا تھا۔

جرمن چانسلر اینجیلا مرکل اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے انتخابی مہم کے دوران فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی حمایت کی تھی لیکن اب فرانسو اولاند کی کامیابی کے بعد انھیں مبارکباد دینے کے لیے ٹیلی فون کیا ہے اور ان کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

وینزویلا کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر ہوگو شاویز ،کینیڈین وزیراعظم اسٹیفن ہارپر اور اطالوی وزیراعظم ماریو مونٹی نے بھی فرانس کے نئے منتخب صدر کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


نکولا سارکوزی اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں ملک کو درپیش اقتصادی بحران اور خاص طور پر بے روزگاری کے مسئلہ پر قابو پانے میں ناکام رہے تھے جس کی وجہ سے ان کی حمایت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔فرانسو اولاند دوعشرے کے بعد فرانس کے پہلے سوشلسٹ صدر ہیں۔

فرانسو اولاندنے اپنی انتخابی مہم کے دوران یورپ اور اپنے ملک کو اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اقتصادی پروگرام پیش کیا تھا جس کے تحت زیادہ آمدن والے افراد پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا اور سرکاری خسارے کو کم کیا جائے گا۔فرانسیسی ووٹروں نے ان کے حق میں ووٹ ڈال کر ان کی اس اقتصادی پالیسی کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔