یمن: القاعدہ جنگجوؤں کے حملے میں 20 فوجی ہلاک

فیلڈ کمانڈر فہد القصع کی ہلاکت کے 24 گھنٹے بعد

نشر في:

یمن کے جنوبی ضلع ابین کے شہر زنجبار میں شدت پسند تنظیم القاعدہ کے ایک ہلاکت خیز حملے میں کم سے کم بیس یمنی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ القاعدہ کے فیلڈ کمانڈر فہد القصع کی ہلاکت کے چوبیس گھنٹے کے اندر ہوا ہے۔ گذشتہ روز جنوبی یمن میں ایک نامعلوم فضائی حملے میں فہد اپنے دو ساتھیوں سے مارا گیا تھا۔

یمن کے فوجی ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی" اے ایف پی" کو بتایا کہ شدت پسندوں کے دو گروپوں نے پیر کو علی الصباح دو الگ الگ مقامات پر 115 بریگیڈ کی زنجبار میں متمرکز دو چوکیوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں چار سینیئر افسروں سمیت بیس فوجی مارے گئے۔

ادھر لودر شہرمیں بھی باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ شدت پسندوں نے پیر کے روز لود میں مختلف مقامات پر حملے کیے، جس کے جواب میں مقامی لشکر اور سرکاری فوجیوں نے سخت شیلنگ کی۔ اسی علاقے میں مقامی مزاحمتی لشکر کے ساتھ جھڑپ میں بارہ حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔