منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: منگل 17 جمادى الثانية 1433هـ - 08 مئی 2012م KSA 04:32 - GMT 01:32

سازش سے امریکی عوام کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا:وائٹ ہاؤس

امریکا نے یمنی القاعدہ کی طیارے کو بم سے اڑانے کی سازش ناکام بنادی

منگل 17 جمادى الثانية 1433هـ - 08 مئی 2012م
دبئی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ
دبئی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ

امریکا نے القاعدہ کی یمنی شاخ کی جانب سے ایک طیارے کو بم سے اڑانے کی سازش ناکام بنادی ہے اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا ہے۔

امریکا کے انسداد دہشت گردی کے ایک عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک طیارے میں ایک خودکش بمبار نے استعمال کرنا تھا لیکن اس عہدے دار یا کسی اور امریکی نے فوری طور پر یہ بتانے سے گریز کیا ہے کہ اس سازش کو کہاں اور کب بے نقاب کیا گیا تھا اور کس امریکی طیارے کو اڑانے کی کوشش کی گئی تھی۔

اس عہدے دار کے بہ قول یمن میں القاعدہ کی شاخ ''جزیرہ نماعرب میں القاعدہ'' کی اس سازش کو اس کے ابتدائی مرحلے ہی میں پکڑ لیا گیا ہے اور یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی ایک کامیاب اسٹوری کی عکاسی کرتی ہے۔اس عہدے دار کے بہ قول کسی بھی مرحلے پر کوئی امریکی طیارہ خطرے سے دوچار نہیں تھا۔

اس عہدے دار نے مزید بتایا کہ ''طیارے کو تباہ کرنے کی سازش میں استعمال کیا جانے والا بم دسمبر سن 2009ء میں کرسمس کے موقع پر ایمسٹرڈیم سے ڈیٹرائٹ جانے والے امریکی طیارے کو تباہ کرنے کی ناکام سازش میں استعمال کیے گئے بم کے مشابہ تھا۔تاہم اس میں کچھ نمایاں فرق بھی تھا۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جزیرہ نما عرب میں القاعدہ ابھی اپنے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے''۔

اس سازش کو ناکام بنانے کی اطلاع منظرعام پر آنے کے بعد وائٹ ہاؤس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔امریکا کی قومی سلامتی کونسل کی نائب ترجمان کیٹلین ہیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ ''صدر براک اوباما کو یقین دلادیا گیا ہے کہ اس ڈیوائس سے عوام کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا اور صدر نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس طرح کے حملوں سے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کریں''۔

اس خاتون ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ''اس بم حملے کو ناکام بنانے کی سازش سے دہشت گردی کے خلاف اندرون اور بیرون ملک زیادہ چوکنا رہنے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے''۔

ترجمان نے کہا کہ'' صدر انٹیلی جنس ایجنسیوں اور انسداد دہشت گردی کے حکام کے اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے ان کے غیرمعمولی کام ، مہارت اور لگن پر شکرگزار ہیں۔ان اداروں اور حکام کی بھاری ذمے داریاں ان سے اسی طرح کے پیشہ ورانہ کام کا تقاضا کرتی ہیں''۔