ایران کے وسطی صوبے میں اقوام متحدہ کا ایک جوہری اسلحہ انسپکٹر کار حادثے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں اس اسلحہ انسپکٹر کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔آنجہانی انسپکٹر جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کے ساتھ ایران کے وسطی صوبہ مرکزی میں خنداب کمپلیکس کے معائنہ مشن پر تھے۔ ان کا نام سیو او کے سیوک بتایا گیا ہے اور وہ جنوبی کوریا کےشہری تھے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کے مطابق آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی گاڑی کو منگل کی دوپہر حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک اور معائنہ کار زخمی ہوگیا ہے۔سیو اوکے سیوک کو حادثے میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ہیں۔تاہم ایرنا نے حادثے کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔
واضح رہے کہ ایران صوبہ مرکزی کے گاؤں خنداب کے نواح میں بھاری پن کا ایک ریسرچ ری ایکٹر تعمیر کررہا ہے اور آئی اے ای اے کے اسلحہ انسپکٹر اسی کے معائنے کے لیے گئے تھے کہ اس دوران ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی۔ایرانی حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی کار کو کیونکر حادثہ پیش آیا ہے۔
آئی اے ای اے نے فوری طور پر ایران میں ٹریفک حادثے میں اپنے ایک انسپکٹر کی ہلاکت پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ واضح رہے کہ ویانا میں قائم یہ ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے وقتاً فوقتاً اپنے اسلحہ انسپکٹروں کو بھیجتی رہتی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے معائنہ کاروں کو ایران میں اس طرح کا حادثہ پیش آیا ہے۔