مصری وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز قاہرہ میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے دبئی پولیس کے سربراہ کے ان بیانات کی وضاحت حاصل کی کہ جو مصری خبر رساں ایجنسی "مینا" کے ڈسپیچ کے بہ قول دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے نامناسب تھے۔ دبئی پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر اسلامی سیاسی جماعتوں کے حوالے سے اپنے تنقیدی خیالات کا اظہار کیا تھا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان عمرو رشدی نے مینا کو بتایا کہ وزیر خارجہ محمد عمرو کی ہدایت پر قاہرہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کو دفتر خارجہ بلا بھیجا۔ یو اے ای کے سفیر سے مصر اور ابوظہبی کے درمیان پائے جانے والے بہترین تعلقات سے میل نہ کھانے والے ان بیانات کی وضاحت طلب کی گئی کہ جن کا اظہار دبئی میں بعض اعلی سرکاری عہدیدار کرتے چلے آئے ہیں۔ بہ قول ترجمان یواےای کے اعلی عہدیداروں کے خیالات دراصل اسی ملک کی اعلی قیادت کے نقطہ نظر سے ہم آہنگ نہیں کیونکہ امارات نے مصر میں 25 جنوری کے انقلاب کے بعد پہلے انتخابات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کیا کہ جو ان سے دبئی پولیس کے سربراہ ضاحی خلفان کے اسلامی جماعتوں سے متعلق تنقیدی موقف پر تبصرے کے طلبگار تھے۔ ضاحی خلفان ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر مرسی کے مصر میں مسند اقتدار پر فائز ہونے پر تنقیدی رائے دیتے چلے آ رہے تھے۔