منگل 07 جمادى الأولى 1434هـ - 19 مارچ 2013م
آخری وقت اشاعت: جمعہ 09 شعبان 1433هـ - 29 جون 2012م KSA 08:14 - GMT 05:14

نو منتخب صدر آج تحریر اسکوائر میں قوم سے خطاب کریں گے

دستوری عدالت اپنے احاطے میں ڈاکٹر محمد مرسی سے حلف لینے پر مُصر

جمعہ 09 شعبان 1433هـ - 29 جون 2012م
العربیہ ڈاٹ نیٹ

مصر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی آج نماز جمعہ کے بعد پچیس جنوری 2011ء کے عوامی انقلاب کی علامت سمجھے جانے والے تحریر اسکوائر میں قوم سے خطاب کریں گے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ صدر نماز جمعہ کسی مسجد میں ادا کریں گے یا اس فریضے کی ادائی میدان تحریر میں ادا کریں گے۔

‘‘العربیہ ڈاٹ نیٹ’’ کے مطابق صدارتی ترجمان ڈاکٹر یاسر علی نے میڈیا کو بتایا کہ صدر کی جمعہ کے روز کی مصروفیات میں ایک بڑی مصروفیت میدان تحریر میں قوم سے خطاب ہے۔

ادھر دوسری جانب کل ہفتے کے روز صدر کی تقریب حلف برداری کے لیے دستوری عدالت کی قانونی مشاورت مکمل ہو گئی ہے تاہم اس کے نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے حلف عدالت ہی کے دفتر میں لیا جائے گا۔

حلف کے الفاظ

مصر کی سپریم دستوری عدالت

مصر میں مابعد انقلاب پہلے منتخب صدر کے حلف کے لیے دستوری عدالت کی قائم کردہ جنرل اسمبلی نے حلف کی عبارت میں 26 الفاظ شامل کیے ہیں۔ صدر جمہوریہ اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہوئے یہ الفاظ عدالت کے جج کے ساتھ دہرائے گا‘‘ میں اللہ رب العزت کو گواہ بنا کر اقرار کرتا ہوں کہ ملک کے جمہوری نظام کے ساتھ مخلص رہوں گا۔ آئین اور قانون کی پابندی کروں گا۔ عوام کے مفادات کی مکمل حفاظت کروں کروں گا۔ وطن کی آزادی، اس کے اقتدار اعلیٰ اور سلامتی کا محافظ بن کر کام کروں گا’’۔

جمعرات کے روز دستوری عدالت کی جنرل اسمبلی صدر کی حلف برداری کے طریقہ کار اور حلف کے مقام کے بارے میں طویل غور وخوض کے بعد اس نتیجے تک پہنچی حلف قاہرہ ہی میں دستوری عدالت کے اندر ہو گا جہاں عدالت کے جج صاحبان اور ان کی قائم کردہ جنرل اسمبلی کے اراکین موجود ہوں گے۔

قبل ازیں بعض سیاسی اور قانونی حلقوں کی جانب سے یہ تجویز دی گئی تھی کہ صدر کی تقریب حلف برداری نصر آڈیٹوریم میں منعقد کی جائے جہاں آزاد ذرائع ابلاغ اور عوامی نمائندوں کو بھی شرکت کا موقع دیا جا سکے۔ تاہم عدالت نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور حلف کے لیے عدالت کے اندر ہی کا جگہ مقرر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مصر کے نو منتخب صدر کل ہفتے کے روز دستوری عدالت کے سامنے حلف اٹھائیں گے اور کل ہی ملک کی مقتدر مسلح افواج اختیارات نئے صدر کو تفویض کرے گی۔ عسکری کونسل نے سابق صدر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے بعد گیارہ جنوری سنہ دو ہزار گیارہ کو ملک کا اقتدار سنھبالا تھا۔