خادم الحرمین الشریفین کا حرم کے بعد مسجد نبوی کے بڑے توسیعی منصوبے کا اعلان
منصوبے کے تحت سولہ لاکھ مزید نمازیوں کے لیے گنجائش
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی توسیع کے ایک بڑے پراجیکٹ پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مسجد حرام میں توسیع کے بعد مسجد نبوی کی توسیع خادم الحرمین الشریفین کی خدمت دین میں سب سے بڑی کاوش سمجھی جاتی ہے۔
سعودی عرب کے وزیر مالیات ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین نے مسجد نبوی کی توسیع کے اب تک کے سب سے بڑے منصوبے پر کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی جانب سے مسجد حرام میں توسیع اور حجاج و معتمرین کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے بعد روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دینے والے عاشقان رسول کو بھی ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الحرمین الشریفین کی توسیع شاہ عبداللہ کی خدمات جلیلہ میں سے ایک اہم خدمت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر مالیات نے بتایا کہ حرم نبوی کی توسیع کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر سولہ لاکھ مزید نمازیوں کے لیے گنجائش پیدا کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں آٹھ لاکھ نمازیوں کے لیے مسجد نبوی میں توسیع کی جائے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے مراحل میں چار چار لاکھ نمازیوں کے لیے گنجائش پیدا کی جائے گی۔
ڈاکٹر ابراہیم العساف نے کہا کہ الحرمین الشریفین کی توسیع اور حجاج و معتمرین کی جتنی خدمت موجودہ فرمانروا شاہ عبداللہ نے کی ہے، ماضی میں کسی حکمراں کے حصے میں نہیں آ سکی۔ شاہ عبداللہ نے حرم مکی کی توسیع کے منصوبے کے علاوہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس، جمرات پُل تعمیر کرایا اور جدہ کے ہوائی اڈے کو وسیع کر کے اسے بین الاقوامی جہازوں کی آمد و رفت کے قابل بنایا ہے۔