جنگجو علاقائی جنگ چھیڑسکتے ہیں:آصف زرداری
امریکی وزیر خارجہ اظہار ہمدردی کے لئے بھارت آئیں گی
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت ممبئی میں حملوں کے بعد عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ملک پر الزام تراشی سے گریز کرے .انہوں نے خبردار کیا ہے کہ جنگجو علاقائی جنگ شروع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ کنڈولیزارائس نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملوں کی تحقیقات کے لئے بھارت کے ساتھ تعاون کرے.
برطانوی اخبارفنانشیل ٹائمز میں سوموار کو شائع ہونے والے انٹرویو میں آصف زرداری نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ پر زور دیا کہ وہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں.لیکن اس سے قبل ہی پاکستان کو سزا دینے کے عمل سے گریزکیا جائے.
انہوں نےخبردار کیا کہ ''غیر ریاستی عناصر''کی وجہ سے دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں.آصف زرداری نے اپنے انٹرویو میں سوال کیا کہ اگرفرض کریں جنگجوٶں کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا تو ہم کس کے خلاف لڑ رہے ہیں.
پاکستانی صدر نے کہا کہ ''ہم ایک مشکل دور میں رہ رہے ہیں جس میں غیر ریاستی عناصرپہلے بھی ہمیں جنگوں میں دھکیل چکے ہیں خواہ یہ گیارہ ستمبر کو امریکا پر حملوں کا معاملہ ہو یا عراق میں جنگ سے قبل کشیدگی بڑھانے کی بات ہو''.
ان کا کہناتھا کہ ممبئی کے واقعات سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے کہ جنگجوٶں کے حملے کے بعددہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل جل کر کوششیں کرنی چاہئیں.
ممبئی حملوں میں 195 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور بھارت نے ان حملوں کا کسی تحقیق کے بغیر الزام کشمیر میں قابض فوج کے خلاف بر سر پیکار لشکر طیبہ پر عاید کیا ہے جبکہ اس واقعہ کو بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی بھی قرار دیا جارہا ہے. بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ملک کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں کو بہتربنائیں گے.
کنڈولیزارائس کا دورہ
امریکا کی وزیر کنڈولیزارائس بدھ کو بھارت کے دورے پر پہنچ رہی ہیں.وائٹ ہاٶس کی ترجمان ڈانا پرینونے واشنگٹن میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ''سیکرٹری خارجہ کنڈولیزارائس کے دورہ بھارت کا مقصد بھارتی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی ہے اور انہیں یہ بتاناہے کہ ہم انتہا پسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے متحد ہیں.
امریکی وزیر خارجہ منگل کو لندن میں نیٹو کے اجلاس میں شرکت کر رہی ہیںجس کے بعد وہ بھارت پہنچیں گی.
کنڈولیزارائس نے کہا ہے کہ پاکستان ممبئی میں حملوں کی تحقیقات کے لئے بھارت کے ساتھ تعاون کرے اوراس سلسلہ میں جوبھی ثبوت اور اشارے اسے دئیے جاتے ہیں ،ان کی روشنی میں وہ اپنی تحقیقات کاعمل آگے بڑھائے.
رائس نے لندن آتے ہوئے اپنے ساتھ طیارے پر سوار صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ''ہم بھارتی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں لیکن ممبئی کے حملوں میں امریکی بھی مارے گئے ہیں اور انہیں اس لئے ہلاک کیا گیا کہ وہ امریکی تھے''.
امریکی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ''وہ اپنے طور پر کچھ بھی نتیجہ اخذ کرنے کی پوزیشن میں نہیں لیکن ان کے خیال میں اس وقت مکمل شفاف تعاون کی ضرورت ہے اور اسی بات کی ہم توقع کرتے ہیں''.