اسرائیلی توپ خانے کی جنوبی لبنان پر گولا باری
راکٹ حملے میں اسرائیلی خاتون معمولی زخمی
اسرائیل نے ہفتہ کے روز اپنے علاقے میں ایک راکٹ گرنے کے بعد جنوبی لبنان کی جانب توپ خانے سے گولہ باری کی ہے.
بیروت میں لبنان کے ایک سکیورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ اسرائیل نے لبنانی علاقے میں توپخانے کے چھے گولے فائر کئے ہیں .اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے یہ کارروائی راکٹ حملے کے جواب میں کی ہے.
لبنانی ذریعے کا کہنا ہے کہ طائر کے جنوب میں واقع علاقے منصوری سے اسرائیل کی سمت دو راکٹ فائر کئے گئے تھے.ان میں سے ایک راکٹ لبنانی علاقے ہی میں گرگیا اور دوسرا راکٹ گرنے کی جگہ کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا.
اسرائیل کے سرکاری ریڈیو نے کہا ہے کہ راکٹ لبنانی سرحد کے قریب واقع قصبے معلوٹ میں ایک مکان پر گرا ہے جس کے نتیجے میں شیشہ لگنے سے ایک خاتون معمولی زخمی ہوگئی ہے.
جنوبی لبنان میں اسرائیلی گولے گرنے کے بعد دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں جس کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ اپنا گھروں سے بھاگ کھڑے ہوئے.لبنانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے راکٹ کے جواب میں توپخانے سے گولے پھینکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ''یہ لبنانی حکومت اور فوج کی ذمہ داری ہے کہ وہ راکٹ فائر کرنے کے عمل کو روکیں''.
جنوری میں بھی لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کئے گئے تھے جس کے بعد سرحد کے دونوں جانب کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے اس علاقے تک پھیلنے کے خدشات پیداہوگئے تھے.
لبنان کی شیعہ جنگجو تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے.اس ماہ کے آغاز میں اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے دھمکی دی تھی کہ حزب اللہ کی جانب سے کسی بھی حملے کی صورت میں اسرائیل سخت جواب دے گا.