اسرائیلی فوج کی غزہ پر غارت گری سے 17 فلسطینی زخمی
حماس کی مشروط فائر بندی کا اعلان نظر انداز
اسرائیلی فوج کے فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر تازہ حملوں میں کم ازکم 17 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں ۔یہ حملے غزہ کی حکمراں جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" کی جانب سے مشروط جنگ بندی پر عمل درآمد کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد کیے گئے ہیں۔
فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ادھم ابو سلمیہ نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فوج نے منگل کو علی الصباح غزہ کی پٹی میں مختلف مقاما ت پر جنگی طیاروں کےذریعے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ درجن کے قریب شہری زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں سات بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق قابض فوج نے غزہ کے شمال میں حکومت کے زیرانتظام ایک سیکیورٹر مرکز اور مزاحمتی تنظیم "تحریک احرار" کے ایک ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ شہر کے مشرق میں حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک مرکزا ور ایک ورکشاپ پر گولہ باری کی گئی ۔ ان واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
رات گئے غزہ کے جنوب میں مرکزی شہر خان یونس میں شہر کی بلدیہ کے ایک خوراک کے ڈپو پر گولہ باری کی گئی جبکہ خان یونس ہی میں خزاعہ کے مقام پر کئی میزائل داغے گئے۔تاہم خزاعہ میں ہونے والی جارحیت میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں مل سکیں۔
عینی شاہدین کے مطابق خزاعہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے داغے گئے راکٹ خالی کھیتوں میں گرے جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مسلسل گولہ باری اور صہیونی طیاروں کی پروازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
ادھر فلسطینی شہریوں کا کہنا ہےکہ ان کے موبائل فون نمبروں پر نامعلوم اطرف کی جانب سے ایس ایم ایس ارسال کیے گئے ہیں جن میں انہیں بمباری سے قبل علاقہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہ پیغامات صہیونی فوجیوں کی جانب سے ارسال کیے گئے ہیں۔تاہم اسرائیلی فوج نے ان پیغامات کی ترسیل کی نفی کی ہے۔
حماس کا سیزفائر کا اعلان
اسرائیلی فوج کی غزہ پر تازہ غارت گری سےقبل حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ نے اعلان کیا تھا کہ اگر اسرائیلی فوج غزہ پر حملے نہ کرنے اپنے سابقہ جنگ بندی معاہدے پر قائم رہتی ہے تو مجاھدین بھی اس معاہدے کی پاسداری کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو موصولہ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ"اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی پرہماری قوم کےخلاف جارحیت سے باز رہے تو مزاحمت کار بھی اسرائیلی فوج پر راکٹ حملے نہیں کریں گے"۔
غزہ پر تازہ حملوں کے بعد القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور اسرائیل کو نہتے فلسطینیوں پر غارت گری کی بھاری قیمت چکاناہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، صہیونی فوج کی جارحیت کے تسلسل کے ساتھ فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے بھی اسرائیلی فوجی تنصیبات اور یہودی بستیوں پر راکٹ حملوں کی اطلاعات آتی رہی ہیں۔