امریکا:دہشت گردی کے الزام میں مراکشی نوجوان گرفتار
کانگریس کی عمارت بم سے اڑانے کی سازش ناکام
امریکا میں ایک غیرقانونی تارک وطن مراکشی نوجوان کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کی عمارت کو بم سے اڑانے کی سازش کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف سوموار سے مقدمے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
انتیس سالہ امین الخلیفی کو گذشتہ جمعہ کو امریکل کیپٹول کی عمارت سے چند قدم دور ایک پارکنگ گیراج سے گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق اس مراکشی نوجوان کی گرفتاری انسداد دہشت گردی کی تحقیقات کے سلسلہ میں عمل میں آئی تھی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مراکشی نوجوان ریاست ورجینیا کے شہر اسکندریہ میں مقیم تھا اور وہ بظاہر امریکی کانگریس کی عمارت پر خودکش حملے کی تیاری کررہا تھا۔وہ 1999ء سے امریکا میں رہ رہا تھا لیکن اس کے ویزے کی مدت ختم ہوچکی تھی اوروہ گذشتہ ایک سال سے زیرتفتیش تھا۔امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی اس کی قریب سے نگرانی کررہی تھی۔
اطلاعات کے مطابق خلیفی کا القاعدہ سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔یہ اور بات ہے کہ وہ یہ سمجھتا رہا تھا کہ وہ القاعدہ کے ارکان کے ساتھ معاملہ کررہا تھا حالانکہ وہ خفیہ ایجنٹ تھے جو اسے اپنی مرضی کے مطابق چلا رہے تھے اور اس طرح اس کی قریب سے مانیٹرنگ کررہے تھے۔
اس نے کیپٹول کی عمارت کو بم سے اڑانے سے قبل اسکندریہ میں واقع ایک سرکاری عمارت اور واشنگٹن میں ایک ریستوران کو بم سے اڑانے کا بھی منصوبہ بنایا تھا۔اس نے اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف اوقات میں کانگریس کی عمارت کا دورہ کیا تھا۔ایف بی آئی کے بیان حلفی کے مطابق امین الخلیفی نے ورجینیا میں بم کو اڑانے کا ایک تجربہ بھی کیا تھا۔
امین الخلیفی پر سوموار کو عدالت میں پیشی کے وقت فرد جرم عاید کردی گئی ہے اور اس پر امریکی املاک کو تباہ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والا ہتھیار استعمال کرنے کی سازش کا الزام عاید کیا گیا ہے۔اگر انھیں اس مقدمے میں مجرم قراردے دیا گیا تو پھر ان کی باقی عمر امریکی جیلوں ہی میں گزرے گی۔
دوسری جانب مراکشی حکام نے کیپٹول کی عمارت کو بم سے اڑانے کی مبینہ سازش کی مذمت کی ہے۔امریکا میں قائم مراکشی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس کیس کے سلسلہ میں امریکی حکام کو معاونت کی پیش کش کی گئی ہے اور مراکش اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔