غزہ پر اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ، 12 فلسطینی شہید
فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے کارکنان پر تین حملے
غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تین فضائی حملوں میں ایک فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے کمانڈر سمیت بارہ افراد شہید اور انیس زخمی ہو گئے ہیں۔
العربیہ ٹی وی کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق غزہ شہر کے مغربی علاقے تل آل حوا میں اسرائیلی طیارے نے ایک کار پر میزائل داغا جس کے نتیجے میں پاپولر مزاحمتی کمیٹیوں (پی آر سی) کے جنرل سیکرٹری زہیرآل قیسی اپنے ایک ساتھی محمود الحنانی سمیت شہید ہوگئے۔ اس حملے میں اس تنظیم کا ایک اور کارکن شدید زخمی ہو گیا ہے۔
فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ حملے میں شہید محمود الحنانی مغربی کنارے سے تعلق رکھتے تھے اور وہ گذشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے طے پائے معاہدے کے تحت صہیونیوں کی قید سے رہا ہوئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیل نے اپنے ایک فوجی گیلاد شالیت کے بدلے میں ایک ہزار فلسطینیوں کو جیلوں سے رہا کیا تھا۔
غزہ کی حکمران حماس کے حکام کے مطابق اس حملے کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب دو اور حملے کیے ہیں اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے کارکنان کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی پر یک بعد دیگرے ان دونوں فضائی حملوں میں اسلامی جہاد کے دس کارکنان شہید اور اٹھارہ زخمی ہو گئے۔ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں گذشتہ سال اکتوبر کے بعد فلسطینیوں کی یہ سب سے زیادہ شہادتیں ہیں۔ تب اسرائیلی حملے میں پانچ فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے پہلا فضائی حملہ غزہ کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر دو راکٹ فائر کیے جانے کے ردعمل میں کیا تھا لیکن اس راکٹ حملے میں یہودیوں کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان نے غزہ سے جنوبی اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے ہتھِیار کو راکٹ اور آرمی ریڈیو نے مارٹر گولے قرار دیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے الزام عاید کیا ہے کہ شہید زہیرآل قیسی سرحد پار راکٹ حملوں کی منصوبہ بندی کیا کرتے تھے۔ ان پر گذشتہ سال اگست میں مصر کے علاقے صحرائے سینا کی سرحد کے ساتھ واقع اسرائیلی علاقے میں ایک بس اور سکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہونے کا بھی الزام عاید کیا گیا تھا۔مسلح افراد کے کئی گھنٹے تک جاری رہے اس حملے میں آٹھ اسرائیلی ہلاک اور پچیس زخمی ہو گئے تھے لیکن پی آر سی نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔ اسرائیلی دعوے کے مطابق وہ آیندہ چند روز میں اسی علاقے میں ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی غزہ پر تازہ جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے جنوبی اسرائیل کی جانب کم سے کم تیس راکٹ فائر کیے ہیں جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی زخمی ہوگئے ہیں۔ان میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
پی آر سی کے ترجمان ابو عطیہ نے زہیر آل قیسی کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے لیے اب تمام آپشنز کھلے ہیں اور ہم اسرائیلی جارحیت کا جواب دیں گے۔حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اسرائیل پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام عاید کیا ہے۔