کابل: نیٹو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 12 ترک فوجی، 4 شہری ہلاک
افغان دارالحکومت کے نواح میں حادثہ
افغان دارالحکومت کابل کے نواح میں نیٹو کا ایک ہیلی کاپٹر ایک مکان پر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں بارہ ترک فوجی اور چار افغان شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
انقرہ میں ترکی کے جنرل اسٹاف نے ایک بیان میں ہیلی کاپٹر میں سوار اپنے بارہ فوجیوں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ ایک ٹیم کو جائے وقوعہ پر واقعے کی تحقیقات کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ایک افغان پولیس افسر نے بتایا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے اور ہیلی کاپٹر کے مکان پر گرنے کے بعد اس کو آگ لگ گئی۔حادثے میں مرنے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔
نیٹو کے تحت انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور علاقے میں کسی مزاحمتی سرگرمی کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ جنوری میں جنوبی افغانستان میں غیر ملکی ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں چھے امریکی میرینز ہلاک ہو گئے تھے۔گذشتہ سال اگست میں مشرقی افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران امریکی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں بائیس نیوی سیل کمانڈوز سمیت تیس امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
اس واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ طالبان نے ہیلی کاپٹر پر راکٹ گرینیڈ داغا تھا جو ایک روٹری بلیڈ پر لگا تھا اوراس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔
واضح رہے کہ جنگ زدہ ملک میں ترکی کا فوجی مشن صرف گشت تک محدود ہے اور اس کے فوجی کسی لڑاکا کارروائی میں حصہ نہیں لیتے۔ یہی وجہ ہے کہ افغانوں میں ترکی اور اس کی فوج کے بارے میں کوئی معاندانہ جذبات نہیں پائے جاتے۔ اس وقت افغانستان میں اٹھارہ سو کے لگ بھگ ترک فوجی موجود ہیں اور افغان دارالحکومت کے آس پاس تعینات ہیں۔