اسرائیلی تھیٹر پر پابندی کا مطالبہ،ایما تھامپسن کے خلاف صہیونیوں کی مہم

قبضہ گیریہودیوں کے حامی تھیٹر کو لندن میلے میں بلانے کی مخالفت

نشر في:

برطانوی اداکارہ ایما تھامپسن نے آیندہ ماہ لندن میں منعقد ہونے والے شیکسپئیر میلے میں اسرائیلی تھیٹر کو شامل کرنے کی مخالفت کردی ہے جس پر انھیں صہیونیوں اور ان کے زیر اثر میڈیا کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

دومرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی تھامپسن سے قبل فن کی دنیا سے تعلق رکھنے والی پینتیس شخصیات اسرائیلی تھیٹر حابیمہ کو میلے میں مدعو کرنے کی مخالفت کرچکی ہیں۔ ان میں ڈراموں کے لکھاری،فن کار اور فلم ساز شامل ہیں۔انھوں نے لندن میلے کی انتظامیہ کے نام ایک خط لکھا تھا جو انتیس مارچ کو برطانوی اخبار گارڈین میں شائع ہوا تھا۔اس خط میں انھوں نے اسرائیلی تھیٹر حابیمہ کو لندن میں گلوب ٹو گلوب میلے میں ڈراما ''وینس کا تاجر'' پرفارم کرنے کے لیے مدعو کرنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے لکھا تھا کہ ''حابیمہ تھیٹر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ایک شرمناک ریکارڈ رکھتا ہے۔گذشتہ سال مغربی کنارے میں دو بڑی یہودی بستیوں میں دوبڑے ''ہال آف کلچر'' تعمیر کیے گئے تھے اور وہاں اسرائیلی تھیٹر گروپوں کو اپنے فن کے مظاہرے کی دعوت دی گئی تھی لیکن اسرائیلی تھیٹر سے تعلق رکھنے والے متعدد پیشہ ور لوگوں ،فن کاروں ،اسٹیج ڈائریکٹروں اور لکھاریوں نے وہاں جانے اور فن کا مظاہرہ کرنے سے انکار کردیا تھا''۔

برطانوی فن کاروں اور اداکاروں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ''حابیمہ تھیٹر گروپ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم کیے گئے تھیٹر ہالوں میں فن کے مظاہرے کے لیے دعوت قبول کرلی تھی اور اس کی جانب سے اسرائیلی وزیر ثقافت سے وعدہ کیا گیا تھا کہ وہ اس ضمن میں راستے میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ کا مقابلہ کرے گا لیکن اب شیکسپئیر گلوب حابیمہ کو مدعو کرکے ان باضمیر اسرائیلی فن کاروں اور لکھاریوں کا منہ چڑا رہا ہے جنھوں نے بین الاقوامی قانون کو توڑنے سے انکار کردیا تھا''۔

ان فن کاروں نے اپنے خط میں مزید لکھاکہ ''حابیمہ کو مدعو کرکے گلوب لندن میلہ خود اسرائیلی ریاست کی فلسطینی علاقوں پر قبضے کی پالیسیوں کا ہم نوا بن رہا ہے۔ہم گلوب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کو بھیجا گیا دعوت نامہ واپس لے تاکہ یہ میلہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ سرزمین کو غیر قانونی طور پر کالونیانے کی حمایت کا موجب نہ بنے''۔

آسکرایوارڈ یافتہ اداکارہ تھامپسن کی جانب سے اسرائیلی تھیٹر کی مخالفت کے بعد اب بہت سے یہودیوں اور صہیونیوں نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک مہم برپا کردی ہے اور وہ ان کی فلموں کے بائیکاٹ کی اپیلیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ لندن میلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی سینتیس تھیٹر کمپنیاں ولیم شیکسپئیر کے مختلف ڈراموں کو اپنی زبانوں میں پیش کریں گی۔فلسطینی تھیٹر کمپنی اشتر ''رچرڈ دوم'' کو عربی زبان میں پیش کرے گی۔دنیا کا نوزائیدہ ملک جنوبی سوڈان کا تھیٹر گروپ ولیم شکسپئیر کے ڈرامے''کیمبلین'' پر جوبا عربی میں پرفارم کرے گا۔