.
.
.
.

مسیحی قبطی اور دو خواتین مصری صدر کے معاون و مشیر مقرر

چار دنوں میں مزید تقرریوں کا اعلان کیا جائے گا: صدارتی ترجمان

نشر في:

مصری ایوان صدر کے ترجمان ڈاکٹر یاسر علی نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈاکٹر محمد مرسی نے نامور قبطی مسیحی دانشور سمیر مرقص، ماہر تعلیم باکینام الشرقاوی اور ادیبہ سکیہ فؤاد کو اپنا خصوصی معاون مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر یاسر کے بہ قول صدر آئندہ چند دنوں میں مزید معاونین کا تقرر کریں گے۔

ڈاکٹر یاسر علی کے مطابق سمیر مرقص اور باکینام الشرقاوی کو صدر کے معاون مقرر کیا گیا ہے جبکہ جامعہ قاہرہ میں سیاسیات کے پروفیسر ڈاکٹر سیف عبدالفتاح اور مشہور خاتون لکھاری سکینہ فؤاد کو دوسری سیاسی جماعتوں کی کوارڈی نیشن سے اپنا مشیر خاص مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر اسی 27 اگست کو چین روانگی سے قبل دوسری سیاسی جماعتوں کے مشورے سے اپنے باقی ماندہ مشیر اور معاونین کا تقرر کریں گے۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے "اناطولیہ" کو بتایا کہ قاہرہ یونیورسٹی میں سیاسیات کے پروفیسر معتز عبدالفتاح کو صدر کا سیکرٹری برائے انفارمیشن مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی نے اپنی انتخابی مہم اور صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ نوجوانوں کو ملکی سیاست زندگی میں زیادہ سے زیادہ شریک کریں گے۔ نیز انہوں نے مسیحی قبطیوں کو بھی اپنے صدارتی عملے میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حالیہ تقرریاں ان کے انہی وعدوں کی تکمیل ہیں۔